پی ایس ایل 11: خوش دل شاہ کی جارحانہ بیٹنگ، کراچی کنگز نے قلندرز کو شکست دے دی

خوش دل شاہ نے 14 گیندوں پر 44 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر کراچی کنگز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا


اسپورٹس ڈیسک April 23, 2026

پی ایس ایل کے 35ویں میچ میں ڈیوڈ وارنر کی نصف سنچری اور خوشدل شاہ کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) کے 35ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور محمد فاروق نے کیا تاہم اوپن جوڑی ناکام رہی اور صرف 24 کے مجموعی اسکور پر محمد فاروق 18 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں فخر اور عبداللہ شفیق نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافہ کیا اور 110 رنز کی شراکت قائم کی، 134 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 41 گیندوں پر 3 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

عبداللہ شفیق 36 گیندوں پر 62 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

کراچی کنگز نے 200 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو 10 کے مجموعی اسکور پر جیسن رائے آؤٹ ہوئے تاہم ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 44 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔

معین علی نے 17 گیندوں پر 39 رنز بناکر ٹیم کو سہارا دیا، پھر خوشدل شاہ وکٹ پر آئے تو انہوں نے 14 گیندوں پر 44 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور ناممکن کو ممکن بنایا۔

کراچی کنگز نے 200 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

لاہور قلندرز کے عبید شاہ نے تین جبکہ ڈینیئل سمس اور حارث رؤف نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔