اسلام آباد:
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے، جس کے بعد وہ ماسکو اور مسقط جائیں گے۔
دفترخارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد آج اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایرانی وزیرخارجہ کا استقبال نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی کے تناظر میں پاکستان سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کر رہا ہے اور فریقین کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ ایرانی وزیرخارجہ اس دوررے میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان روانگی سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پوسٹ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا تھا کہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے بروقت دورے پر روانہ ہو رہا ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ دوروں کا مقصد شراکت دار ممالک کے ساتھ دوطرفہ امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت ہے، علاقائی صورت حال اور تازہ پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ ہمارے پڑوسی ممالک ہماری اولین ترجیح ہیں، ایران خطے میں تعاون، رابطوں اور سفارتی مشاورت کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
قبل ازیں ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے بھی ان کے دورے کی تصدیق کی تھی کہ عباس عراقچی آج شام اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دوے پر روانہ ہوں گے، دورے کے مقاصد میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کی صورت حال پر مشاورت شامل ہے۔
حکومتی ذرائع نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد امن مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ امریکا کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے لیے اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے بھی اہم ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔
حکومتی ذرائع نے بتایا تھا کہ ٹیلی فونک رابطے میں علاقائی صورتحال، جنگ بندی اور اسلام آباد کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ اسحاق ڈار نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مسائل کے حل میں مسلسل اور بامعنی مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
ترجمان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس موقع پر پاکستان کے مثبت اور تعمیری سہولت کاری کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے اسلام آباد کی کاوشوں کو اہم قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔