وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وفد نے ملاقات کی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی وزیرِ اعظم سے ملاقات کے لیے وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ملاقات میں شریک ہوئے، ملاقات میں خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
قبل ازیں پاکستان کے دورے پر آئے ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی۔
شہباز شریف سے عباس عراقچی آج وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کریں گے، جو کچھ دیر بعد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم سیاسی اور عسکری قیادت بھی شریک ہوگی، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے وفد کے ہمراہ شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو روانہ ہو جائے گا، جہاں مزید سفارتی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی روشنی میں امریکی حکام کو بھی آگاہ کیا جائے گا، جبکہ امریکی وفد کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے وقت کا ابھی حتمی تعین نہیں ہوا، تاہم مسقط اور ماسکو کے دوروں کے بعد مجموعی صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔