کراچی؛ لیاری میں 70 دن میں 7 منزلہ عمارت تعمیر، ایس بی سی اے کو نوٹس جاری

کئی بار شکایات کے باوجود ایس بی سی اے حکام نے بلڈرز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، درخواست گزار


کورٹ رپورٹر April 25, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

لیاری کے علاقے میں غیر قانونی طور پر 70 دن میں 7 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کے معاملے پر عدالت نے ایس بی سی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شہری زاہد حسین کی جانب سے لیاری میں غیر قانونی عمارت کی تعمیرات کے خلاف درخواست  پر عدالت نے ایس بی سی اے حکام سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردیے۔ عدالت نے فریقین سے 26 اگست کو جواب طلب کرلیا ۔

درخواست میں سندھ حکومت، ایس بی سی اے ، اینٹی انکروچمنٹ  اور لینڈ ڈپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں درخواست میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے، بلڈرز شاہ جہان اور شاہ نواز  کے علاوہ دیگر بھی فریق ہیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں بلڈرز کی جانب سے غیر قانونی طور پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ آگرہ تاج کالونی مرزا آدم خان روڈ پر واقع پلاٹ نمبر 25 پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہے۔ بلڈرز کی جانب سے 70 دن میں 7 منزلہ عمارت کھڑی کردی گئی ہے۔

عدالت میں دائر درخواست کے مطابق عمارت ایس بی سی اے سمیت دیگر قوانین کے خلاف تعمیر کی گئی ۔ عمارت کی تعمیرات میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہے۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف متعدد بار ایس بی سی اے کو شکایت کی گئی، لیکن ادارے نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہیں کی۔

درخواست گزار نے بتایا کہ کچھ دن پہلے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔غیر قانونی عمارت کی تعمیر سے انسانی جانوں کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ غیر قانونی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دیا جائے اور ایس بی سی اے کو فوری طور پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا جائے۔