لاہور: اسلحہ کے زور پر گھر میں گھس کر خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والا درندہ گرفتار

ملزم رات کے وقت گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور اسلحہ کے زور پر خاتون کو نشانہ بنایا


ویب ڈیسک April 25, 2026

کاہنہ کے علاقے میں خاتون کے ساتھ اسلحہ کے زور پر زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزم رات کے وقت گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور اسلحہ کے زور پر خاتون کو نشانہ بنایا۔

واقعے کے دوران شور سن کر اہل خانہ نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی، تاہم وہ اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ساجد کو کیرکا گاؤں سے گرفتار کر لیا۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔