انگور اڈہ زلول خیل میں افغان اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد پوسٹیں تباہ کردیں۔
پاک فوج کی بروقت اور چوکس کارروائی کے باعث فتنہ الخوارج کی دراندازی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔
فتنہ الخوارج کی تشکیل کی دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان نےسول آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین شہری زخمی، زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے،زلول خیل انگور اڈہ میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان پوسٹوں کو تباہ کردیا۔
آپریشن غضب للحق کی مؤثر کارروائیوں کے بعد افغان طالبان شکست کی بوکھلاہٹ میں سول آبادی کو نشانہ بنانے لگے۔
اہل علاقہ نے افغان طالبان کی فائرنگ کے واقعےکی بھرپور مذمت کی اور پاک فوج سےجوابی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور بہادر جوانوں کی جرات کو سلام پیش کیا۔
محسن نقوی نے دراندازی کی ناکامی کے بعد افغان جانب سے سول آبادی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمی شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو اپنی فوج کی مہارت اور بہادری پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قوم ہر مشکل وقت میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔