یوئیفا انڈر 16 ڈیویلپمنٹ ٹورنامنٹ: پاکستان کو دوسرے میچ میں بھی ناکامی کا سامنا

پاکستان کی جانب سے 50ویں منٹ میں شیراز نے گول جڑ کر مقابلہ 1-1 کردیا


زبیر نذیر خان April 27, 2026

یوئیفا انڈر 16 ڈیویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق قازقستان کے شہر شیمکنٹ میں جاری ایونٹ میں روس نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے دی۔

کھیل کے ساتویں منٹ میں روس نے کاف الیگزینڈر کے ذریعے ایک گول کی سبقت حاصل کی، پاکستان کی جانب سے 50ویں منٹ میں شیراز نے گول جڑ کر مقابلہ 1-1 کردیا۔

میکسم ایوانوف نے 72ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر فاتح ٹیم کو 1-2 کی سبقت دلوا دی جو حتمی ثابت ہوئی۔

روس کے خلاف میچ میں پاکستان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور تابڑ توڑ حملے بھی کیے تاہم پاکستان کو پہلے میچ میں میزبان قازقستان نے 1-4 سے شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان  یوئیفا ڈیویلپمنٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کر رہا ہے۔

سابق قومی کپتان کلیم اللہ ٹیم کے مینٹور جبکہ ایک اور سابق قومی کپتان عیسیٰ خان ہیڈ کوچ کی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔

قومی جونیئر ٹیم 30 اپریل کو اپنے تیسرے میچ میں آذربائیجان کے خلاف میدان میں اترے گی۔