بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنجے دت نے متنازع گانے ’’سرکے چنر تیری سرکے‘‘ کے بول پر اٹھنے والے تنازع کے بعد باضابطہ معذرت کرلی۔
نیشنل کمیشن برائے خواتین کے سامنے پیشی کے دوران اداکار نے نہ صرف اپنے مؤقف کی وضاحت کی بلکہ سماجی ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔
سنجے دت کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سمن پر پیش ہوئے، جہاں گانے میں مبینہ فحش اور نازیبا مواد سے متعلق ان سے وضاحت طلب کی گئی۔ سماعت کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں گانے کے بول، ترجمے یا اس کی حتمی پیشکش کے حوالے سے پہلے سے کوئی تفصیلی علم نہیں تھا، کیونکہ ان کا کردار صرف ایک پیشہ ور اداکار کے طور پر معاہدے کے مطابق پرفارم کرنے تک محدود تھا۔
اداکار نے کمیشن کے روبرو خواتین کے احترام، معاشرتی اقدار اور سماجی حساسیت کا اظہار کرتے ہوئے مخلصانہ معافی مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی ایسے مواد کی حمایت نہیں کرتے جو خواتین یا کسی بھی طبقے کے لیے نامناسب ہو۔
سنجے دت نے اپنی سماجی وابستگی ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کے ایک سالہ تعلیمی اخراجات برداشت کریں گے۔ اس حوالے سے تین ماہ کے اندر عملدرآمد رپورٹ بھی کمیشن میں جمع کرائی جائے گی۔