آئی پی ایل میں سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی کا انکشاف

گرفتار ملزمان ڈیجیٹل سلوشنز کیلیے سیکیورٹی سسٹمز کا انتظام کرنے والے ایک سب کنٹریکٹر کے تحت کام کر رہے تھے


اسپورٹس ڈیسک April 28, 2026

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی سامنے آ گئی۔

بینگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں سی سی ٹی وی سسٹم کو خراب کرنے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

یہ واقعہ 24 اپریل کو رائل چیلنجرز بینگلور اور گجرات ٹائٹنز کے ہائی پروفائل میچ سے پہلے پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں اسٹیڈیم کے 240 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے متاثر ہوئے جبکہ نیٹ ورک ویڈیو ریکارڈر اور فائبر آپٹک لائنز کو بھی نقصان پہنچایا گیا، جس سے سیکیورٹی سسٹم کا بڑا حصہ عارضی طور پر غیر فعال ہو گیا۔

گرفتار ہونے والوں کی شناخت 37 سالہ منجوناتھ اور 19 سالہ عبد الکلام کے طور پر ہوئی، دونوں ڈیجیٹل سلوشنز کیلیے سیکیورٹی سسٹمز کا انتظام کرنے والے ایک سب کنٹریکٹر کے تحت کام کر رہے تھے۔

تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان نے ایک غیر فعال ایکسیس کارڈ استعمال کرتے ہوئے کنٹرول روم میں غیر قانونی طور پر داخلہ حاصل کیا اور اہم آلات کو نقصان پہنچایا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق اس واقعے کی وجہ تقریباً 10 لاکھ روپے کی ادائیگی سے متعلق تنازع بتائی جارہی ہے۔

حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بیک اپ سسٹمز بحال کر دیے جس کے باعث میچ بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ نقصان کی مکمل تفصیل اور ذمہ داری واضح کی جا سکے۔