مبینہ کرپشن ریفرنس؛ وزیراعظم کی بیٹی اور داماد کو 7 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

ریفرنس میں پنجاب پاور کمپنی کے سابق سی ایف او اکرام نوید پہلے ہی پلی بارگین کر چکے ہیں۔


ویب ڈیسک April 28, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

مبینہ کرپشن ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو عدالت نے 7 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

ایف آئی اے اسپیشل سینٹرل کورٹ میں پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کردی۔

عدالت نے درخواستوں پر سماعت کے بعد رابعہ عمران اور عمران یوسف کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 7 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔

اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اشفاق احمد نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، اس دوران رابعہ عمران اور عمران یوسف عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری بھی لگوائی۔

یاد رہے کہ نیب نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مبینہ کرپشن کے الزام پر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، جس میں وزیراعظم کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں نیب ترامیم کے بعد یہ ریفرنس ایف آئی اے عدالت منتقل ہوگیا تھا۔

ریفرنس میں پنجاب پاور کمپنی کے سابق سی ایف او اکرام نوید پہلے ہی پلی بارگین کر چکے ہیں۔