امریکا میں نیا تنازع: پاسپورٹ پر صدر ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے کا فیصلہ

محکمہ خزانہ کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ مستقبل میں ڈالر کے نوٹوں پر ٹرمپ کے دستخط شامل کیے جائیں گے


ویب ڈیسک April 29, 2026

امریکا میں ایک غیر معمولی اور متنازع اقدام سامنے آیا ہے جس کے تحت ایک محدود ایڈیشن پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس پر موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر اور ان کے سنہری دستخط شامل ہوں گے۔ یہ اعلان امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران اس نئے پاسپورٹ کا نمونہ پیش کیا گیا، جس میں ٹرمپ کی تصویر آزادی کے اعلامیے کے پس منظر کے ساتھ دکھائی گئی۔

ایک اور ڈیزائن میں بانیانِ امریکا کی تاریخی پینٹنگ شامل کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ خصوصی پاسپورٹ محدود مدت کے لیے صرف دارالحکومت میں دستیاب ہوگا اور اس کے حصول کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔

اس اعلان نے سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔ حزبِ اختلاف کے رہنماؤں نے اس اقدام کو صدر کی ذاتی تشہیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ دنیا کی جمہوریتوں میں شاذ و نادر ہی کسی موجودہ سربراہِ حکومت کی تصویر پاسپورٹ پر شامل کی جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک اپنے پاسپورٹس میں قدرتی مناظر، تاریخی ورثہ یا قومی علامات کو نمایاں کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ بعض سخت گیر ممالک بھی اپنے رہنماؤں کی تصاویر کے بجائے قومی شناخت کی دیگر علامتوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ موجودہ امریکی پاسپورٹ میں بھی چاند پر انسان کے قدم رکھنے کا منظر اور مجسمۂ آزادی جیسی علامات شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد مختلف سرکاری اداروں اور عمارتوں پر اپنے نام اور تصویر کو نمایاں کرنے کے اقدامات کیے ہیں، جن میں اہم قومی اداروں کے ناموں میں تبدیلی اور سرکاری عمارتوں پر بینرز کی تنصیب شامل ہے۔

اس سے قبل محکمہ خزانہ کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ مستقبل میں ڈالر کے نوٹوں پر ٹرمپ کے دستخط شامل کیے جائیں گے، جو ایک نئی روایت ہوگی۔