صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس دوران بلال یاسین نے میئر کراچی کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ واسا پنجاب اب بارشی پانی اور نکاسی آب کو ڈیجیٹل مانیٹر کر رہا ہے۔
وفد کو صوبائی دارالحکومت میں نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی جس میں سکاڈا مانیٹرنگ، ہیلپ لائن، سولرائزیشن، واٹر میٹرنگ اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے تکنیکی امور شامل تھے۔
بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 5 ایجنسیز کو ایک سال میں 41 اضلاع تک وسائل کے ساتھ پھیلایا ہے اور واسا پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ہزاروں کلومیٹر نئی پائپ لائنز بچھائی جا رہی ہیں جبکہ واسا کو مکمل ڈیجیٹلائزڈ کر کے آپریشنل مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے اور زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر سے نکاسی آب اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر کی جا سکے گی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کی تکنیکی معاونت سے استفادہ کیا جائے گا اور بین الصوبائی کوآرڈی نیشن اور ایکسپرٹیز سے عوامی مسائل میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے بلال یاسین کے ساتھ لاہور میں پہلی پریس کانفرنس کو باعث اعزاز قرار دیا اور کہا کہ کراچی واٹر بورڈ کے وفد کے ساتھ لاہور آئے ہیں اور لاہور والوں کو کراچی کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک شہر دوسرے شہر سے سیکھنا مثبت اور حوصلہ افزا عمل ہے اور کراچی اور لاہور واسا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی جائے گی۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ سطح وفد کا دورہ
وفد میں سی ای او احمد علی صدیقی، سی او او اسداللہ خان، سی سی او حارث سرفراز، سی ایس او صادق یونس اور سی ایف او عمار خان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، چیئرمین پنجاب واسا چوہدری شیر علی خان، وائس چیئرمین چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ اور شہری خدمات میں بہتری کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس کے تحت وفد کو پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم، ریونیو کلیکشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ انہیں واسا لاہور کے مختلف فیلڈ آپریشنز، ڈرینج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مون سون سیزن کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔