غیر قانونی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے خفیہ اطلاع پر کے ایم سی ایچ ایس سوسائٹی، کراچی ایسٹ میں چھاپا مارا، جہاں سے اشفاق احمد، انس اشفاق اور شارق کو گرفتار کیا گیا جو غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے۔
ملزمان کے قبضے سے 56 لاکھ 52 ہزار 920 روپے نقد رقم برآمد کی گئی جب کہ 6 موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی لین دین کا ریکارڈ (لیجر) بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ موبائل فونز سے غیر قانونی مالی لین دین کے اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں جبکہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ملزمان کو برآمد شدہ رقم اور شواہد سمیت تحویل میں لے کر ایف آئی اے سی بی سی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف مقدمہ نمبر 35/2026 درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ مالی جرائم میں ملوث عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔