سندھ ہائیکورٹ کا کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد کا حکم

اسٹریٹجک پلان 2020 سے انحراف کے قانونی نتائج ہونگے، عدالت


ویب ڈیسک April 29, 2026
(فوٹو: فائل)

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

جسٹس عدنان الکریم میمن کی سربراہی میں بینچ نے اپنے حکم میں سندھ حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 فروری 2026 کے عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

عدالت نے یاد دہانی کرائی کہ 20 فروری 2026 کو سندھ بلڈنگ پلاننگ اینڈ کنٹرول اینڈ ڈیمولیشن رولز کو 90 دن میں نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا گیا تھا، کراچی اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عمل کیا جائے اور جب تک گریٹر کراچی پلان 2047 قانونی طور پر منظور اور نوٹیفائی نہیں ہو جاتا، اس وقت تک کے ایس ڈی پی 2020 ہی قابل عمل رہے گا۔

عدالت نے واضح کیا کہ اسٹریٹجک پلان 2020 سے انحراف کی صورت میں قانونی نتائج برآمد ہوں گے۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں معاملہ مختلف اداروں، پالیسی امور اور قانونی فریم ورک سے جڑا ہے، اور عمومی طور پر ایسے معاملات آئینی دائرہ اختیار سے باہر آتے ہیں، تاہم عدالت اس حوالے سے پہلے ہی فروری میں جامع احکامات جاری کر چکی ہے۔