کراچی: پولیس افسر کیخلاف بااثر منشیات فروش کو فرار کرانے کا مقدمہ درج

مقدمے میں پولیس اور بااثر منشیات فروش کے گٹھ جوڑسے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے


ویب ڈیسک April 29, 2026
فوٹو: فائل

گڈاپ روڈ خلجی گوٹھ موڑ کے قریب پولیس چھاپے کے دوران انتہائی با اثر منشیات فروش کو فرار کروانے کے واقعے کا مقدمہ  پولیس افسر کے خلاف گڈاپ سٹی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے گڈاپ روڈ خلجی گوٹھ موڑ کے قریب پولیس چھاپے کے دوران انتہائی بااثر منشیات فروش علی شیر ٹالانی کو فرار کروانے کے واقعے کا مقدمہ سب انسپکٹر محمد نواز کے خلاف گڈاپ سٹی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ چھاپہ مار ٹیم کے انچارج انسپکٹر اشرف علی کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں پولیس اور بااثر منشیات فروش کے گٹھ جوڑسے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے، مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ خفیہ اطلاع ملی کہ منشیات فروش علی شیر ٹالانی اور سب انسپکٹر محمد نواز خلجی گوٹھ موڑ پر گاڑی میں موجود ہیں، موقع پر پہنچ کر جامع تلاشی لی تو محمد نواز سے 120 گرام آئس موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔

مدعی مقدمہ کے مطابق سب انسپکٹر محمد نواز نے مجھے دھکا دیا اوراپنے ساتھی کو بھگانے کی کوشش کی، بڑی مشکل سے محمد نواز کو قابو کیا، اس لڑائی کا فائدہ اٹھا کر علی شیر ٹالانی بذریعہ کار فرار ہوگیا، ملزم علی شیر ٹالانی کو کس اعلیٰ پولیس افسر کے حکم پر سب انسپکٹر محمد نواز نے فرارکروایا، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر علی نواز اور منشیات فروشی علی شیر ٹالانی کافی عرصے سے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔