کراچی: نجی اسکول میں طالبہ کی ہلاکت کامقدمہ پرنسپل اور ٹیچر کے خلاف درج

پولیس کے مطابق مقدمہ اسکول کے پرنسپل و مالک حافظ ارشد اور کیمسٹری کی ٹیچرکے خلاف قتل خطا کی دفعہ کے تحت  درج کیا گیا


اسٹاف رپورٹر April 29, 2026

اورنگی ٹاؤن کے نجی اسکول میں نویں جمالت کی طالبہ کی ہلاکت کامقدمہ اسکول پرنسپل وٹیچر کے خلاف درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13 سی میں نجی اسکول کی چھت سے گرکرنویں جمالت کی طالبہ 15  سالہ کنزہ کی ہلاکت کے واقعہ کا مقدمہ26/288 اورنگی ٹاؤن تھانے میں مقتولہ طالبہ کنزہ کے والد راجہ مہدی حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ اسکول کے پرنسپل و مالک حافظ ارشد اور کیمسٹری کی ٹیچرکے خلاف قتل خطا کی دفعہ کے تحت  درج کیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ مقتولہ طالبہ کے والد نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا کہ 21 اپریل کو بیٹے نے فون کرکے بتایا کہ کنزہ اسکول کے اندر گرنے سے شدید زخمی ہوگئی ہے فوری قطر اسپتال پہنچا تو اسکول ٹیچر نے بتایا کہ کنزہ سیڑھیوں سے گری ہے، کنزہ کی دونوں ٹانگوں اور سر پر شدید چوٹیں آئیں تھیں۔

بیٹی کو عباسی شہید اسپتال اوربعدازاں نجی اسپتال لے گیا جہاں پیر کے روزکنزہ نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔

مدعی مقدمہ کے مطابق اسکول انتظامیہ نے واقعہ کو پہلے سیڑھی پھر چھت سے گرنے کا بتایاکیمسٹری کی ٹیچرنے لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری بیٹی کو کلاس سے باہر جانے کی اجازت دی میرا دعویٰ ہے کہ اسکول مالک اور کیمسٹری کی ٹیچر کی غفلت لاپروائی کے باعث بیٹی کی موت ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد سے اسکول مالک اور ٹیچر فرار ہیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں انتظامیہ اسکول میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی تاحال فراہم نہ کرسکی ،انتظامیہ کے مطابق اسکول میں لگے کیمرے خراب ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔