وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے منفرد انداز اپناتے ہوئے گولڑہ اسٹیشن سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کا خود معائنہ کیا، جس کے لیے وہ ٹریک ٹرالی میں سوار ہو کر فیلڈ وزٹ پر نکلے۔
انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق جاننے کے لیے فیلڈ وزٹس نہایت ضروری ہیں، اسی مقصد کے تحت انہوں نے ٹریک کی حالت، آپریشنل امور اور انسپیکشن کے طریقہ کار کو قریب سے جاننے کی کوشش کی۔
دورے کے دوران ڈی ایس راولپنڈی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے مختلف تکنیکی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
وزیر ریلوے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی بڑھائیں اور زمینی سطح پر نگرانی کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ ریلوے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔
محمد حنیف عباسی نے ریلوے حکام پر زور دیا کہ ٹریک مینٹیننس، آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر راولپنڈی اسٹیشن پر موجود مسافروں نے وزیر ریلوے کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔
ٹریک ٹرالی میں کیے گئے اس دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔