کراچی، مختلف پرتشدد واقعات میں ایک شخص جاں بحق، خاتون سمیت 6 افراد زخمی

زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا



کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق مختلف مقامات پر جھگڑوں اور فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق گلستانِ جوہر کے ایک کیفے میں جھگڑے کے دوران سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ نجیب علی کے نام سے کی گئی ہے۔

دوسری جانب لی مارکیٹ کے قریب جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے چار افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جن کی شناخت نور باغ، سرتاج، عبدالسلام اور عبید کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔

 

ادھر سپر ہائی وے کے علاقے جنجال گوٹھ سفید مسجد کے قریب فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 26 سالہ ارسلان کے نام سے کی گئی ہے۔

بلدیہ ٹاؤن جنگل اسکول جدہ ہزارہ کالونی کے ایک گھر میں پراسرار فائرنگ سے خاتون زخمی ہو گئیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کی شناخت صبا کے نام سے ہوئی ہے۔