جعلی دستاویزات کے ذریعے ایران سے تجارت، بھارت پر امریکی پابندیوں کا خطرہ منڈلانے لگا

بھارت کی وزارتِ کیمیکلز و فرٹیلائزرز کی جانب سے اس شپمنٹ کی منظوری کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے


ویب ڈیسک May 01, 2026

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے کیونکہ حالیہ رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ ایرانی نژاد یوریا بھارت میں مبینہ طور پر جعلی شپنگ دستاویزات کے ذریعے درآمد کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق یہ کارگو آدیتیہ برلہ گلوبل ٹریڈنگ سے منسلک تھا، جو ابتدا میں ایران کی عسلوئیہ بندرگاہ سے لوڈ کیا گیا۔ تاہم بعد میں دستاویزات میں تبدیلی کر کے اس کا ماخذ عمان ظاہر کیا گیا، جسے مبینہ طور پر بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ معاملہ نہ صرف عالمی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اس نے بھارت کے سرکاری اداروں کی نگرانی اور شفافیت پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

خاص طور پر بھارت کی وزارتِ کیمیکلز و فرٹیلائزرز کی جانب سے اس شپمنٹ کی منظوری کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیونکہ رپورٹس کے مطابق بغیر مکمل تصدیق کے اسے کلیئر کر دیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کیس کے باعث بھارت کو امریکی پابندیوں کے نظام او ایف اے سی کے تحت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ساتھ ہی یہ واقعہ عالمی سطح پر پابندیوں کی خلاف ورزی، شفافیت کی کمی، اور نگرانی کے نظام پر بڑے سوالات اٹھا رہا ہے۔

اب یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کر رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس پر مزید تحقیقات اور ممکنہ قانونی کارروائی بھی سامنے آ سکتی ہے۔