نکاح نامہ خود پڑھوں گی، حق مہر بھی اپنی مرضی سے طے کروں گی، حنا طارق کی دوٹوک رائے

شادی کے معاہدے میں ایسی چیزیں لکھی جائیں جو ان کے لیے حقیقی معنوں میں اہم ہوں


ویب ڈیسک May 02, 2026

پاکستانی اداکارہ حنا طارق نے شادی، حق مہر اور نکاح نامے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے اس اہم فیصلے میں مکمل آگاہی اور اختیار کو ترجیح دیں گی۔

ڈرامہ سیریل رحمت میں ’پریشے‘ کے کردار سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی اداکارہ نے ایک حالیہ یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنا نکاح نامہ خود پڑھیں گی بلکہ حق مہر کی شرائط بھی اپنی مرضی سے درج کروائیں گی۔

حنا طارق کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں مکمل سنجیدگی اختیار کریں گی اور ان کی خواہش ہے کہ حق مہر میں مالی مطالبات کے بجائے روحانی خواہشات شامل ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی دیرینہ خواہش ہے کہ ان کے حق مہر میں عمرہ یا حج جیسی سعادت شامل ہو، کیونکہ ان کے نزدیک محض رقم سے زیادہ اہمیت اس خواب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ شادی کے معاہدے میں ایسی چیزیں لکھی جائیں جو ان کے لیے حقیقی معنوں میں اہم ہوں۔

گفتگو کے دوران حنا طارق نے موجودہ معاشرتی رویوں پر بھی بات کی اور کہا کہ وقت کے ساتھ رشتوں کے حوالے سے سوچ میں خاصی تبدیلی آ چکی ہے۔ ان کے مطابق آج کی نوجوان نسل ماضی کے معاملات کو پہلے کی نسبت کم اہمیت دیتی ہے، اور اگر کوئی شخص طلاق یافتہ بھی ہو تو اب اسے پہلے جیسا منفی نہیں سمجھا جاتا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جدید دور میں لڑکے اور لڑکیاں اپنے شریک حیات کے ماضی کے بجائے موجودہ شخصیت اور ہم آہنگی کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، جو معاشرتی تبدیلی کی ایک مثبت علامت ہے۔