یو اے ای میں فضائی آپریشن بحال، پروازیں دوبارہ معمول پر آ گئیں

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے حصول کے لیے صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کریں


ویب ڈیسک May 03, 2026

متحدہ عرب امارات نے ملک میں فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق اب فضائی حدود میں پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں اور عارضی حفاظتی اقدامات ختم کر دیے گئے ہیں۔

خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ فضائی آپریشن کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کر دیا جائے۔

اتھارٹی کے مطابق پروازوں کی بحالی کے باوجود فضائی تحفظ کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے حصول کے لیے صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کریں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔

ماہرین کے مطابق فضائی آپریشن کی بحالی خطے میں معمولات کی واپسی کی ایک اہم علامت ہے، جس سے مسافروں اور ایوی ایشن سیکٹر کو ریلیف ملے گا۔