جمائمہ کے ’دوسرے شوہر کیمرون ‘کون ہیں؟ دونوں کی ملاقات کیسےہوئی؟ اہم تفصیلات منظرعام پر

52 سالہ ایوارڈ یافتہ اسکرین رائٹر جمائما گولڈ اسمتھ نے دستاویزی فلم کے پروڈیوسر کیمرون او ریلی سے منگنی کرلی


ویب ڈیسک May 03, 2026

برطانوی جریدے ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ 52 سالہ ایوارڈ یافتہ اسکرین رائٹر  جمائما گولڈ اسمتھ نے دستاویزی فلم کے پروڈیوسر  کیمرون او ریلی سے منگنی کرلی ہے۔

برطانوی جریدے ڈیلی میل کی رپورٹ  کے مطابق 62 سالہ کیمرون او ریلی آئرش-آسٹریلیا کے فنانسر ہیں جو نامور میڈیا پرسن اور بین الاقوامی رگبی اسٹار آنجہانی سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ’کہا جا رہا ہے کہ چار بچوں کے والد کی کئی دستاویزی پروگرامز اور فلموں کے سلسلے میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے کردار میں جمائما سے ملاقاتیں ہوئیں‘۔

ان کے مشترکہ دوستوں کا کہنا ہے کہ  جوڑا  اپنا وقت سوئٹزرلینڈ اور مغربی لندن میں موجود اپنے گھروں میں وقت گزارتا اور ایک ساتھ بہت خوش' ہے۔

ان میں سے ایک دوست نے  ڈیلی میل کو بتایا 'دونوں پہلی بار کام کے سلسلے میں ملے تھے، پھر دونوں کی دوستی ہوگئی جب کہ  ایک سال سے وہ ایک جوڑے کے طور پر ایک ساتھ رہ رہے ہیں، 62 سالہ کیمرون او ریلی بہت پرائیویٹ شخص ہے اور جمائما ان کی پرائیویسی کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔'

رپورٹ کے مطابق جمائما کے بھائی رابن برلی جو لندن کلب 5 ہرٹ فورڈ اسٹریٹ کے مالک سمیت خاندان کے بہت سے افراد نے مسٹر او ریلی سے ملاقات کی اور ان کے درمیان بہت اچھی بات چیت ہوئی۔

آکسفورڈ گریجویٹ مسٹر او ریلی نے 2000 میں چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے سبکدوش ہونے سے پہلے اپنے والد کی میڈیا ایمپائر، انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور بعد میں آسٹریلوی گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں کام کرتے ہوئے ایک دہائی گزاری۔

2003 میں انہوں نے سوئس میٹرنگ کمپنی Landis+Gyr کو خریدتے ہوئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ Bayard Capital شروع کیا، انہوں نے 2011 میں توشیبا کو 2.3 بلین ڈالر میں فروخت کرنے سے پہلے چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دیں۔

دوستوں کو امید ہے کہ یہ منگنی جمائما کے لیے خاص طور پر دستاویزی فلم سازی میں ان کی مشترکہ دلچسپی کی وجہ سے نئے باب کا آغاز ہو سکتی ہے۔

جمائما کے کریڈٹ پر 2018 کی دستاویزی سیریز The Clinton Affair اور ایمی کی طرف سے نامزد دستاویزی فلمیں، The Case Against Adnan Syd شامل ہیں۔

2022 کی رومانٹک کامیڈی کے لیے جمائما کا اسکرین پلے What's Love Got To Do With It؟ متعدد ایوارڈز جیت چکا ہے۔

آنجہانی ارب پتی فنانسر سر جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما اس وقت اپنے سابق شوہر عمران خان، جو ان کے دو بیٹوں قاسم اور سلیمان کے والد ہیں، کی پاکستان کی جیل سے رہائی کے لیے مہم چلا رہی ہیں۔

سابق کرکٹر سے سیاست دان بننے والے عمران خان کو 2023 میں بدعنوانی کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا تھا اور وہ گزشتہ سال دسمبر میں ان مقدمات میں مزید سزا پانے کے بعد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

عمران خان اور جمائما نے – 2004 میں اعلان کیا کہ وہ نو سال ایک ساتھ رہنے کے بعد طلاق لے رہے ہیں، ان  کی شادی اس وقت ہوئی تھی جب کہ جمائما کی عمر 21 اور عمران خان کی عمر 42 سال تھی۔

رپورٹ کے مطابق جمائما نے اداکار ہیو گرانٹ اور کامیڈین رسل برانڈ کے ساتھ ہائی پروفائل رومانس کیا، ان کے اخبار نیویارک کے ادبی نمائندے لیوک جانکلو اور دی کراؤن مصنف پیٹر مورگن سے بھی تعلقات رہے۔

ان کی منگنی کی خبر گزشتہ سال اکتوبر میں 91 سال کی عمر میں ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کی موت کے 5 ماہ بعد آئی ہے۔

مارچ میں جمائما پر ایک ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، وہ پولیس کے خطوط کا جواب دینے میں ناکام رہی تھیں جب کہ  ان کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی شمالی لندن میں تیز رفتاری پر پکڑی گئی۔

جمائما نے تاخیر سے جواب دینے کی وجہ اپنے ایک کروڑ پاؤنڈ مالیت کے کینسنگٹن میں موجود گھر کی تزئین و آرائش کے کام کو قرار دیا تھا۔