معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام یادگاری تقریب

تقریب میں چیئرمین پیپلزپارٹی، وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام کی شرکت


ویب ڈیسک May 04, 2026

معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام کراچی کے نجی ہوٹل میں پُروقار یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، کاروباری ودیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ تقریب میں معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، معرکہ حق میں پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، یہ ہم سب کی یکجہتی کی جیت تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ معرکہ حق میں ہر پاکستانی نے اپنا کردار بخوبی نبھایا، دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان کو توڑا اور ہرایا جاسکتا ہے مگر یہ دشمن کا خیال تھا اور وہ پاکستان کی صلاحیتوں سے واقف نہیں تھا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ معرکہ حق کی فتح صرف ہتھیاروں کی نہیں، عزم و حوصلے کی جیت تھی، یہ اُن لوگوں کی فتح تھی جنہوں نے جھکنے سے انکار کیا، شمال کے پہاڑوں سے بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک قوم ایک صف میں کھڑی رہی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک یکجہتی کی مثال قائم ہوئی،  پاکستان ہر چیلنج کے سامنے متحد ہو کر ڈٹ گیا، مسلح افواج نے جرات، نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ دفاع کیا۔

بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ  ہم کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے، سرحدوں سے باہر کچھ عناصر تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے حقائق چھپانے کی سازش کی گئی، پاکستان ہر آزمائش میں ثابت قدم رہا ہے، ہم نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل گھڑی آئی تو پاکستان نے کمزوری نہیں دکھائی، پاکستان نے جارحیت نہیں بلکہ ضرورت کے تحت دفاع کیا، یہ جدوجہد خواہش نہیں بلکہ قومی ذمہ داری تھی، موجودہ وقت غرور و لاپرواہی نہیں بلکہ غور و فکر کا تقاضا کرتا ہے اور ذمہ داری کا پیغام دیتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج سے ایک سال پہلے بھارت نے میلی آنکھ سے ہمارے ملک کی طرف دیکھا تھا، ہم سب نے مل کر بھارت کو جواب دیا، چند گھنٹوں میں بھارت کو جواب مل گیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم پر امن ملک ہیں ہم نے کہا تھا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، ہم نے بھارت کے کئی جہاز گرائے تھے، دیہات میں ہمارے لوگ ڈرون گرا رہے تھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے وہ حرکت نہیں کی جو بھارتی میڈیا نے کی۔  بھارت کے میڈیا نے پروپیگنڈہ کیا کہ کراچی پورٹ کو نشانہ بنایا، ہماری نیوی تیار کھڑی تھی، پاک نیوی نے کہا ہم ان کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمارا پڑوسی ملک جنگ کا شوقین ہے۔ 

تقریب سے خطاب میں سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، یہ دن پوری قوم کے لیے عید سے کم نہیں تھا۔ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کوئی بھی اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ان کے مطابق پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی قوم کے لیے خوشی کا دن ہے۔