شہر کے مختلف علاقوں سے نمازی سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم ریسکیو حکام نے ہلاکتوں کو ممکنہ طور پر نشے کی زیادتی اور شدید گرمی کے باعث بتایا ہے.
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج ہلاکت خیز گرمی کا 8 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور 2018 کے بعد گرم ترین دن ریکارڈ ہوا۔
اس دوران شہر کے مختلف علاقوں سے 6 افراد کی لاشیں جبکہ 4 تشویشناک حالت میں ملے جو اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ ان میں ایک شخص کی لاش مسجد سے بھی برآمد ہوئی۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق منگھوپیر صائمہ عربین ولاز کے قریب سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس ، گلشن حدید النور ہوٹل کے قریب سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، ڈیفنس فیز 8 خیابان ثاقب 36 اسٹریٹ کے قریب سے بھی 36 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، ہلاکتوں کے حوالے سے چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ تینوں افراد نشے کی زیادتی کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ کلفٹن بوٹ بیسن سپر مارکیٹ کے قریب سے 60 سالہ نامعلوم بزرگ شہری ناساز حالت میں پڑا ملا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔
لیاقت آباد 10 پل کے نیچے سے 50 سالہ نامعلوم شخص ناساز حالت میں ملا جسے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، سپر ہائی وے جمالی پل شیل پمپ کے قریب سے 45 سالہ نامعلوم شخص بے ہوشی کی حالت میں ملا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن نے مزید بتایا کہ سرجانی اسکیم 33 کے قریب سڑک سے 50 سالہ در محمد نامی شخص ناساز حالت میں ملا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
بلدیہ اسپارکو روڈ طیبہ مسجد کے قریب سے 55 سالہ عبدالودو کی لاش ملی جو مکمنہ طور پر گرمی کی شدت برادشت نہ کرنے کے باعث جاں بحق ہوگیا، ماڑی پور نالہ اسٹاپ کے قریب گھر سے 70 سالہ ظہیر نامی شخص کی لاش ملی جس کی فوری طور پر وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر شدید گرمی سے حالت بگڑنے کے باعث وہ جانبر نہ رہے سکا۔
نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ڈی تھری میں عثمانیہ مسجد سے ایک شخص کی لاش ملی اس حوالے سے ایدھی حکام کا کہنا ہے متوفی مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آیا تھا جو جاں بحق ہوگیا جبکہ فوری طور متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 42 سال کے قریب بتائی جاتی ہے، متوفی کی وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا۔