ایران نے آبنائے ہرمز میں ہمارے آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا؛ متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے کہا کہ وہ اشتعال انگیز کا بھرپور جواب دینے کا حق رکھتا ہے


ویب ڈیسک May 05, 2026
ایران نے امارات کی سرکاری آئل کمپنی کے ٹینکر پر میزائل حملے؛ (اے آئی سے بنائی گئی تصوراتی تصویر)

متحدہ عرب امارات نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اس کے آئل ٹینکر پر دو ڈرونز سے حملہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ جس جہاز کو 2 ڈرونز کے حملے کا نشانہ بنایا گیا وہ سرکاری آئل کمپنی ایڈنوک سے وابستہ تھا۔

ادھر ایڈنوک کی میری ٹائم لاجسٹکس یونٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والا جہاز ’’بارکہ‘‘ خالی تھا اور فیلنگ کے لیے جا رہا تھا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی بحری قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے خطرہ ہے۔

بیان میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے بلا اشتعال حملوں کو بند کرے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمد و رفت کے لیے کھولا جائے۔

قطر نے بھی ایڈنوک کے آئل ٹینکر پر حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے محفوظ راستہ بنایا جانا چاہیئے۔

آج ہی کے روز آبنائے ہرمز میں پاسداران انقلاب نے امریکی بحریہ کے ڈسٹرائر جہاز کو میزائل حملے کا نشانہ بناکر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ جنوبی کوریا کے ایک جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی ہے۔

دوسری جانب امریکی ادارے سینٹکام نے پاسداران انقلاب کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی امریکی جہاز کو نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ امریکی پرچم بردار دو جہاز بھی آبنائے ہرمز عبور کرگئے۔

ادھر پاسداران انقلاب نے امریکا کے اس دعوے کو مکمل جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا جس میں کہا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے امریکی پرچم بردار دو جہاز عبور کرگئے۔