آبنائے ہرمز میں آج کا دن ہنگامہ خیز رہا جہاں ایران نے امریکی جہاز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جب کہ اماراتی کے آئل اور جنوبی کوریا کے جہاز پر بھی مبینہ حملے ہوئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے امریکی بحری جہازوں یا پراجیکٹ فریڈم کے آپریشنز میں مداخلت کی تو اسے دنیا کے نقشے سے مٹادیں گے۔
ان خیالات کا اظہار صدر ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دیا جس میں انہوں نے خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور طاقت پر بھی تفصیل سے بات کی۔
صدر ٹرمپ کے بقول ایران کے ساتھ جاری سفارتی مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے اور ایرانی قیادت کا رویہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ لچکدار ہو گیا ہے تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی عسکری کارروائی کی گئی تو بھرپور جواب بھی دیا جائے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا خطے میں اپنی فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ ہمارے پاس دنیا کے بہترین جنگی آلات اور اسلحہ ہے۔ ہمارے اڈے مکمل طور پر تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر ہم ان کا بھرپور استعمال کریں گے۔
خیال رہے کہ سینٹکام نے ایران کے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ڈسٹرائر جہاز کو تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی پرچم بردار دو دیگر تجارتی جہاز بھی آبی گذر گاہ عبور کرچکے ہیں۔
تاہم صدر ٹرمپ کے تازہ بیان سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاسداران انقلاب کے آبنائے ہرمز میں امریکی جہاز کو نشانہ بنانے کے دعوے میں کچھ حقیقت ہے۔