کراچی، لیاری ندی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، 5 خطرناک ڈاکو ہلاک

ملزمان کے زیر استعمال کار، موٹر سائیکل، اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے



کراچی:

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں پانچ خطرناک ملزمان مارے گئے واقعہ لیاری ندی پل کے قریب جی 23 بس اسٹاپ پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان انتہائی خطرناک اور عادی جرائم پیشہ تھے جو مختلف وارداتوں میں ملوث رہے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے زیر استعمال کار، موٹر سائیکل، اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کے مطابق یہ گروہ ہائی پروفائل جرائم میں ملوث تھا اور خاص طور پر بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 20 اپریل کو خواجہ اجمیر نگری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک دودھ کے تاجر کو بھی قتل کیا تھا۔

فائرنگ کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طور پر شناخت کا عمل جاری رہا۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ندیم علی، سرفراز، نوید، آصف علی اور غلام عباس کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی عمریں تقریباً 35 سے 40 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور اس گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔