معرکۂ حق کو ایک سال مکمل، شوبز شخصیات کا پاک فوج کو شاندار خراجِ تحسین

اداکاروں، گلوکاروں اور دیگر فنکاروں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے


ویب ڈیسک May 06, 2026

معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف شخصیات نے پاکستان کی مسلح افواج کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عظیم قربانیوں کو سراہا ہے۔

شوبز ستاروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے معرکۂ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دے کر نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ پوری قوم کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی قومی یکجہتی، عسکری حکمت عملی اور جوانوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ تھی۔

فنکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط فوج ہی محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ سرحدوں پر مامور پاک فوج کے جوان ہر لمحہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار رہتے ہیں۔

شوبز شخصیات کے مطابق معرکۂ حق میں شاندار فتح کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا اور پاکستان کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

اداکاروں، گلوکاروں اور دیگر فنکاروں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، لیکن اگر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں جو امن، استحکام اور خود اعتمادی دکھائی دیتی ہے، اس کا بڑا کریڈٹ عسکری قیادت اور مسلح افواج کی قربانیوں کو جاتا ہے۔

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر شوبز سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات قومی فتح کا جشن منا رہی ہیں اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کر رہی ہیں۔