معرکۂ حق نے واضح کر دیا، آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب مزید شدید اور فیصلہ کن ہوگا، وزیر دفاع

معرکۂ حق صرف ایک یادگار واقعہ نہیں بلکہ ایک واضح لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے، خواجہ آصف


ویب ڈیسک May 06, 2026

اسلام آباد:

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ معرکہ حق سے واضح ہوا کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ معرکۂ حق صرف ایک یادگار واقعہ نہیں بلکہ ایک واضح لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کے تصور سے بھی زیادہ تیز اور مربوط ہے، بنیان المرصوص کر طرح پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کا شعور اور اعتماد ہماری اصل طاقت ہے، وہ جانتے ہیں کہ ملک کا دفاع کیسے کرنا ہے۔

دوسری جانب، پاکستانی پُرعزم اور پُراعتماد نوجوان قیادت کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے موقع پر اللہ کی مدد کو دیکھا، محسوس کیا اور اس کی کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ معرکۂ حق ہمارے لیے ایک ایسی داستان ہے جو ہم اپنی آنے والی نسلوں کو سنائیں گے۔

نوجوان قیادت نے کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس پر وہ سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوگیا، پاکستان کو نہ حقیقت میں اور نہ ہی کسی کے خوابوں میں شکست دی جا سکتی۔

واضح رہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی فیصلہ کن عسکری برتری اور فولادی قومی اتحاد کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ معرکۂ حق کی عظیم فتح نے بھارت کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد کا واضح اور دوٹوک پیغام دیا۔