ترک دفاعی کمپنی اسیلسان نے جدید سمندری ڈرونز متعارف کرا دیے ہیں، جن میں ’طوفان‘ نامی جدید اَن مینڈ سرفیس وہیکل خاص توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
یہ جدید ڈرون استنبول میں جاری دفاعی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔ کمپنی کے مطابق ’طوفان‘ کو سمندر میں خودکار جنگی کارروائیوں، نگرانی، جاسوسی اور انٹیلیجنس مشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون 8.1 میٹر طویل ہے اور پیٹرول انجن کے ساتھ واٹر جیٹ پروپلشن سسٹم پر کام کرتا ہے، جس کی وجہ سے یہ تیز رفتار حرکت اور فوری تعیناتی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے ساحلی علاقوں اور کھلے سمندر دونوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
’طوفان‘ کی سب سے اہم خصوصیت اس کی جدید سوارم انٹیلی جنس ٹیکنالوجی ہے، جس کے ذریعے یہ اکیلے یا متعدد ڈرونز کے گروپ کی شکل میں بیک وقت مختلف مشنز انجام دے سکتا ہے۔ ان مشنز میں نگرانی، جاسوسی اور حملے شامل ہیں۔
اس ڈرون میں خودکار نیویگیشن، رکاوٹوں سے بچنے اور وژن بیسڈ سسٹمز کے ذریعے اہداف کی شناخت کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
کمپنی کے مطابق ’طوفان‘ کو ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ سے لیس کیا گیا ہے، جس کے ذریعے یہ سمندر میں موجود اہداف، ساحلی تنصیبات اور اہم فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکیہ دفاعی ٹیکنالوجی، ڈرون سسٹمز اور جدید جنگی آلات کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اور “طوفان” اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔