اسلام آباد:
اسلام آباد ہائیکورٹ سے ٹرانسفر کیے گئے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے وفاقی دارالحکومت میں موجود گھروں سے تمام عملہ پیر کے روز واپس بلا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں موجود گھروں میں تعینات عملہ اور گاڑیاں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں۔ مالی، خانسامے، کک اور ڈرائیورز کو ججز کے گھروں سے پیر کے روز واپس بلایا گیا ہے۔ دونوں ججز نے پیر ہی کو پشاور اور لاہور ہائیکورٹ میں جوائننگ دی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فیملی یا بچوں کے استعمال کے لیے موجود ایک ایک گاڑی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے واپس لے لی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ قانون اور ضابطے کے مطابق ججز کے گھروں سے عملہ واپس بلایا گیا ہے۔ رجسٹرار آفس کے مطابق ججز ٹرانسفر ہو کر دوسری ہائیکورٹس چلے گئے ہیں اور وہاں سے انہیں یہ تمام سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ججز کے گھروں کے باہر موجود سیکیورٹی گارڈز تاحال موجود ہیں اور انہیں واپس نہیں لیا گیا۔
دوسری جانب جسٹس ثمن رفعت امتیاز پہلے ہی اپنا تمام عملہ اور گاڑی واپس کرکے سندھ ہائیکورٹ میں جوائننگ دے چکی ہیں۔