قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہم یہاں بدلہ لینے نہیں آئے۔
میرپور ڈھاکا میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ 2024 میں بنگلادیش نے پاکستان میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس سیریز کا بدلہ لینے کے لیے نہیں آئے لیکن کسی بھی حریف کو کمزور نہیں لیں گے۔ ہم کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور میچ میں فتح حاصل کریں۔
بابر اعظم سے متعلق سوال پر شان مسعود کا کہنا تھا میرے خیال میں وہ پاکستان کا اب تک کا بہترین بلے باز ہے، اس نے بے شمار رنز بنائے ہیں اور امید ہے کہ وہ حالیہ پی ایس ایل کی کارکردگی کو ٹیسٹ میں بھی برقرار رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرین وکٹ ہمارے لیے کوئی نئی چیز نہیں ہے، ہم نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا میں کرکٹ کھیلی، یہاں تک کہ پاکستان میں بھی ہم نے ایسی ہی وکٹیں بنائی تھیں۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بولرز کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے کیونکہ جب تک 20 وکٹیں حاصل نہیں کریں گے میچ جیتنے کے امکانات کم ہوں گے۔