سابق بھارتی کرکٹر 36 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی ان کے انڈر 19 دور کے ساتھیوں میں شامل تھے


ویب ڈیسک May 07, 2026

بھارت کے سابق انڈر 19 کرکٹر امان پریت سنگھ گل 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امان پریت سنگھ گل کا انتقال چندی گڑھ میں ہوا۔ وہ پنجاب کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکے تھے اور بھارت کی انڈر 19 ٹیم کا بھی حصہ رہے تھے۔

امان پریت سنگھ گل نے 2007 میں بھارت کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلینڈ، ملائیشیا اور سری لنکا کے دورے کیے تھے۔ وہ کرکٹ میں اپنی تیز گیند بازی کے باعث پہچانے جاتے تھے۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی امان پریت کے انڈر 19 دور کے ساتھیوں میں شامل تھے، جبکہ سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ بھارتی کرکٹ شخصیات اور شائقین سوشل میڈیا پر مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

امان پریت سنگھ گل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 میچز کھیلے جبکہ وہ آئی پی ایل فرنچائز پنجاب کنگز کے اسکواڈ کا بھی حصہ رہ چکے تھے۔