نابلس میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 26 سالہ فلسطینی نوجوان نایف سمارو اپنے پہلے بیٹے کی پیدائش سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی فائرنگ میں شہید ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق نایف سمارو اپنی اہلیہ کے لیے ضروری سامان لینے گھر سے نکلا تھا۔ ان کی اہلیہ اسپتال میں موجود تھیں اور ڈاکٹروں کے مطابق چند گھنٹوں بعد سیزیرین آپریشن کے ذریعے ان کے پہلے بچے کی پیدائش متوقع تھی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نایف اپنے آنے والے بیٹے کو لے کر بے حد خوش اور پرجوش تھا حالانکہ اسی دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے نابلس میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے کارروائی کے دوران نایف سامرو کو سر میں گولی ماری، جس کے بعد وہ سڑک پر زخمی حالت میں پڑا رہا اور زیادہ خون بہنے کے باعث دم توڑ گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نایف اپنے نومولود بیٹے کو کبھی دیکھ نہ سکا۔ واقعے کے چند گھنٹے بعد اس کے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جبکہ خاندان کی خوشی غم میں تبدیل ہوگئی۔
فلسطینی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور شہریوں پر اسرائیلی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔