لاہور؛ گھریلو ناچاقی پر شوہر کی فائرنگ سے بیوی قتل، سالی زخمی

مقتولہ کے بیٹے زین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس


ویب ڈیسک May 08, 2026

لاہور:

مناواں میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے فائرنگ سے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ سالی زخمی ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملزم عبدالمجید کی فائرنگ سے 40 سالہ بیوی ثمینہ ہلاک اور 50 سالہ سالی نگینہ زخمی ہوگئی، پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر مقتولہ کے بیٹے زین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق زخمی خواتین کو طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن ثمینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی جبکہ دوسری خاتون کا علاج جاری ہے۔

ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔