راولپنڈی میں 12 سو روپے کے تنازع پر دو افراد قتل

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا


صالح مغل May 08, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی کے علاقے پیرمہر علی شاہ ٹاؤن میں 1200 روپے کے تنازع پر دو افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں لڑائی جھگڑے کے دوران 25 سالہ سراج شدید زخمی ہوا جو اسپتال منتقلی دوران راستے میں دم توڑ گیا اور جب پولیس موقع پر پہنچی تو پتا چلا لڑائی جھگڑے میں ایک اور شخص بھی قتل ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا تھا کہ شہری زین اور دیگر کا 1200 روپے کے معاملے پر دکان دار سے جھگڑا ہوا اور جھگڑے میں فائرنگ کرکے دکان دار کو قتل کیا گیا، جس پر دوسرے فریق نے زین کو ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے تھانہ دھمیال کے علاقے میں دو شہریوں کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ دونوں فریقین کے درمیان معمولی تلخ کلامی پر پیش آیا تاہم واقعےکی تمام زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں فریقین کا ایک ایک فرد جاں بحق ہوا ہے تاہم فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بھی تھانہ دھمیال کے علاقے  پیر مہر علی شاہ ٹاون میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ سے 2 افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیا اور رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور کہا کہ دہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔