سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دو مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ 7 اور 8 مئی 2026 کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کی گئیں، ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جبکہ مارے جانے والے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزم استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔