چین نے آبنائے ہرمز میں اپنے ایک جہاز پر حملے کی تصدیق کردی

حملے کے وقت جہاز پر چینی عملہ بھی موجود تھا


ویب ڈیسک May 08, 2026
فوٹو: چینی وزارت خارجہ ویب سائٹ

چین کے ایک پرچم بردار جہاز کو آبنائے ہرمز پر نامعلوم سمت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کی۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں چین کے تیل بردار مصنوعات سے لدے ایک ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان وزارتِ خارجہ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں تجارتی جہازوں کو لاحق خطرات پر شدید تشویش ہے۔ جہاز پر چینی شہری بھی موجود تھے۔

تاہم اب تک عملے کے کسی فرد کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ حملہ کس نے اور کیوں کیا۔

ایک ہفتے قبل ازیں صدر ٹرمپ نے بھی بتایا تھا کہ ایک جہاز کو آبنائے ہرمز پر پکڑا ہے جو ایران کی جانب رواں دواں تھا اور اس میں ایک چینی تحفہ بھی تھا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ میرے چینی ہم منصب شی جنپنگ کے ساتھ تعلقات کافی اچھے ہیں۔ میں ان سے ملنے بھی جاؤں گا لیکن مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ چین نے ایسا کیوں کیا۔