کراچی:
ڈالمیا روڈ پر محکمہ ایکسائز کے سابق آفیسر کی ٹارگٹ کلنگ کی کوشش ناکام ہوگئی ، موٹر سائیکل سوار ٹارگٹ کلر کے پستول میں گولی پھنس گئی اور وہ ناکام واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
سابق ایکسائز افسر شمس بلوچ پر ملزم کی جانب سے گولی چلانے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی جس میں پستول میں گولی پھنس پر اسے دوبارہ لوڈ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ملزم نے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے سے قبل علاقے کا جائزہ بھی لیا۔
سابق ایکسائز افسر ایک دکان کے باہر کسی سے بات چیت کرتے ہوئے دکھائی دیے اور اس دوران ان کی پشت ملزم کی جانب تھی اور وہ جیسے ہی دکان میں داخل ہوئے تو ہلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار ٹارگٹ کلر نے ان پر گولی چلائی لیکن وہ چل نہ سکی جس کے باعث شمس بلوچ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
شارع فیصل پولیس نے ریٹائرڈ ایکسائز افسر شمس بلوچ کی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 413 سال 2016 بجرم دفعہ 324 کے تحت درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے موٹر سائیکل سوار ٹارگٹ کلر کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے ۔