کراچی:
اسپیشل اولمپکس پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پیرا ہاکی عالمی کپ 2026 میں شرکت کرے گی۔
اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئر پرسن رونق لاکھانی کے مطابق 20 سے 25 اگست تک بیلجیم اور نیدرلینڈ میں ہونے والے پیرا ہاکی عالمی کپ کے لیے خصوصی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پی ایس بی اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے، 12 مئی کو ٹرائلز کے بعد 10 رکنی مخلوط ٹیم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
ٹیم میں 6 بوائز اور 4 گرلز کھلاڑی شامل ہوں گی، تربیتی کیمپ میں کوالیفائیڈ کوچز کی نگرانی میں خصوصی کھلاڑیوں کو بھرپور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
رونق لاکھانی نے پیرا ہاکی عالمی کپ میں پاکستان کی شرکت کو اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پیرا ہاکی عالمی کپ میں اسپیشل اولمپک پاکستان کی ٹیم ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگی۔