چین نے ایران سے تجارت پر امریکی پابندیوں کو ’غیر قانونی‘ قرار دے دیا

امریکا نے حال ہی میں چین میں قائم تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں


ویب ڈیسک May 11, 2026

چین نے ایران سے متعلق امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات قرار دے دیا۔

امریکا نے حال ہی میں چین میں قائم تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ کمپنیاں ایرانی فوجی کارروائیوں میں مدد فراہم کر رہی تھیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گاؤ جیاکن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ چین ہمیشہ اپنی کمپنیوں کو قانون اور ضوابط کے مطابق کاروبار کرنے کی ہدایت دیتا ہے اور بیجنگ چینی کمپنیوں کے قانونی حقوق اور مفادات کا بھرپور تحفظ کرے گا۔

چینی ترجمان نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے اہم ترجیح جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور خطے میں دوبارہ لڑائی بھڑکنے سے روکنا ہے، نہ کہ جنگ کو بنیاد بنا کر دیگر ممالک کے خلاف الزامات اور پروپیگنڈا کرنا۔

انہوں نے کہا کہ چین یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے اور عالمی مسائل کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران، امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی معیشت، توانائی کی ترسیل اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

چین اس وقت ایران سے تیل خریدنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے، جبکہ واشنگٹن تہران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی پابندیاں عائد کر رہا ہے۔