لبلبے کے کینسر کی دوا سے متعلق اہم پیشرفت!

مریضوں کی بقا کے امکانات کو دوگنا کرنے کے لیے بطور نیا علاج استعمال کی جا سکتی ہے: ٹرائل


ویب ڈیسک May 12, 2026

نئی کلینیکل تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ڈیریکسون ریسب نامی دوا لبلبے کے کینسر کی خطرناک اسٹیج میں مبتلا مریضوں کی بقا کے امکانات کو دوگنا کرنے کے لیے بطور نیا علاج استعمال کی جا سکتی ہے۔

لبلبے کے کینسر کے زیادہ تر مریضوں کو بیماری کا پتہ اُس وقت چلتا ہے جب کینسر جسم میں پھیل چکا ہوتا ہے اور سرجری ممکن نہیں رہتی۔

ایسے حالات میں کیموتھراپی ہی بنیادی علاج بنتی ہے لیکن بدقسمتی سے تشخیص کے بعد زیادہ تر مریضوں کی موت ایک سال کے اندر واقع ہو جاتی ہے۔

مزید یہ کہ 90 فی صد سے زائد مریضوں میں KRAS نامی جینیاتی میوٹیشن موجود ہوتی ہے، جو کینسر کو تیزی سے بڑھاتی ہے۔

طویل عرصے تک ماہرین کا خیال تھا کہ اس میوٹیشن والے کینسر کا مؤثر علاج ممکن نہیں۔

تاہم گزشتہ دہائی میںRAS انہیبیٹر نامی ادویات ایک امید بن کر ابھری ہیں، جو کینسر سے جڑے تبدیل شدہ جینز، خصوصاً KRAS ، کو نشانہ بنا کر اُن کے اثرات کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔