ٹرمپ کے دورۂ چین میں ایلون مسک اور ٹِم کک کو بھی شرکت کی دعوت

ٹرمپ کے وفد میں امریکا کی بڑی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کے اہم کاروباری رہنما بھی شامل ہوں گے


ویب ڈیسک May 12, 2026

وائٹ ہاؤس نے ایلون مسک اور ٹم کک کو امریکی صدر ٹرمپ کے رواں ہفتے ہونے والے دورۂ چین میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ کے وفد میں امریکا کی بڑی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کے اہم کاروباری رہنما بھی شامل ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق وفد میں جین فریزر، لیری فنک اور ٹیکنالوجی کمپنی کے دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہوں گی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک درجن سے زائد اعلیٰ کاروباری شخصیات صدر ٹرمپ کے ساتھ چین جائیں گی، جہاں امریکی قیادت کو امید ہے کہ بیجنگ کے ساتھ مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ 13 سے 15 مئی تک چین کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے بھی متوقع ہے۔ مبصرین اس دورے کو واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کی نئی کوشش قرار دے رہے ہیں۔