مراکش میں تربیتی مشق کے دوران گزشتہ ہفتے لاپتہ ہونے والے دو امریکی فوجیوں میں سے ایک کی لاش ڈھونڈ لی گئی ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے ہلاک شدہ اہلکار کی شناخت 27 سالہ فرسٹ لیفٹیننٹ کینڈرک لیمونٹ جونیئر کے طور پر کی ہے، جو ایک پلاٹون لیڈر اور رچمنڈ، ورجینیا سے تعلق رکھنے والا ایئر ڈیفنس آرٹلری آفیسر تھا۔
امریکی فوجی کی لاش ساحل کی چٹانوں سے ایک میل کے فاصلے پر پانی سے ملی۔ اس مقام سے دونوں فوجی 2 مئی کو لاپتہ ہو گئے تھے۔
امریکی اور مراکش کی افواج دوسرے لاپتہ فوجی کی تلاش جاری رکھنے کے لیے زمینی، فضائی اور سمندری آپریشن انجام دے رہی ہے۔
دونوں فوجی سالانہ مشترکہ فوجی مشق افریقی لائن 2026 میں حصہ لے رہے تھے۔ یہ مشترکہ مشق نیٹو اتحادیوں اور افریقی ممالک کے درمیان آپریشنز کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔