کراچی:
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 مئی کو کراچی میں معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا۔
سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی کے شہدا کی قربانیاں آج بھی ایک دردناک مگر لازوال یادگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ادا کی جانے والی قیمت کی یاد دلاتی ہیں۔ 12 مئی 2007 کو کراچی میں معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جیالوں، سیاسی کارکنان اور کراچی کے عوام نے اُس دن بے مثال جرأت و استقامت کا مظاہرہ کیا۔ سیاسی کارکنان اور شہریوں نے خوف اور جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک لازوال علامت قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر بہنے والا خون محض ایک سانحہ نہیں تھا بلکہ یہ جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے عوام کے غیر متزلزل عزم کی گواہی بن گیا۔ قومیں اپنے زخم بھلا کر نہیں بلکہ انہیں سچائی اور وقار کے ساتھ یاد رکھ کر شفا پاتی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک پُرامن، جمہوری اور روادار پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ایک ایسا پاکستان جہاں کسی شہری کی آواز تشدد سے خاموش نہ کرائی جا سکے اور کوئی شہر خوف کے ہاتھوں یرغمال نہ ہو۔