سمپسن کارٹون میں برسوں پہلے ہنٹا وائرس سے متعلق کیا دکھایا گیا تھا؟

2012 میں نشر ہونے والے سیزن 23 کے ایک ایپی سوڈ میں کروز شپ پر وائرس پھیلنے کا منظر دکھایا گیا تھا


ویب ڈیسک May 12, 2026

معروف امریکی کارٹون سیریز دی سمپسن ایک بار پھر خبروں میں ہے جہاں سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ اس نے ہنٹا وائرس کے حالیہ واقعے کی برسوں پہلے پیشگوئی کردی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کروز شپ پر ہنٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد صارفین نے دعویٰ کیا کہ سمپسنز کے ایک پرانے ایپی سوڈ میں اسی طرح کی صورتحال دکھائی گئی تھی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 2012 میں نشر ہونے والے سیزن 23 کے ایک ایپی سوڈ میں کروز شپ پر وائرس پھیلنے کا منظر دکھایا گیا تھا، جس کے بعد یہ بحث چھڑ گئی کہ آیا یہ محض اتفاق ہے یا واقعی پیشگوئی۔

حیران کن طور پر حقیقی ہنٹا وائرس کیسز اور کارٹون میں دکھائی گئی صورتحال میں واضح مماثلت موجود ہے۔ جس سے سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

تاہم فیکٹ چیک رپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں۔ مذکورہ ایپی سوڈ میں وائرس حقیقی نہیں تھا بلکہ کہانی کے مطابق سمپسن نے خود جعلی وائرس کی خبر پھیلائی تھی تاکہ وہ اپنی چھٹیاں لمبی کرسکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ شو کئی دہائیوں سے نشر ہو رہا ہے، اس لیے بعض اوقات اس کے مناظر حقیقی واقعات سے ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔