جونیئر اسکواش پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

کوارٹر فائنل میں فن لینڈ کیخلاف طیب اور علی بخاری نے بغیر گیم گنوائے فتح پائی


Sports Desk August 20, 2014
کوارٹر فائنل میں فن لینڈ کیخلاف طیب اور علی بخاری نے بغیر گیم گنوائے فتح پائی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستانی ٹیم ورلڈ جونیئر اسکواش ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

فن لینڈ کیخلاف کوارٹر فائنل میں طیب اسلم اور علی بخاری نے شاندار کھیل کی بدولت کوئی بھی گیم ہارے بغیر فتح پائی، 2-0 کی برتری پر عاصم خان کے کورٹ میں اترنے کی ضرورت ہی نہ پڑی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق نمبیبا میں جاری چیمپئن شپ کے پہلے ٹیم ایونٹ کوارٹر فائنل میں سیکنڈ سیڈ پاکستان نے یکطرفہ مقابلے میں 7 سیڈڈ فن لینڈ کو 2-0 سے مات دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، پہلے مقابلے میں ایشین جونیئر چیمپئن طیب اسلم نے صرف 30 منٹ میں جمی ایجانن کو 3-0 سے مات دی، ابتدائی گیم میں پاکستانی اسٹار کو فتح کیلیے تھوڑی جدوجہد ضرور کرنی پڑی لیکن وہ 12-10 سے کامیاب رہے۔ دوسرے گیم میں طیب نے 11-7 سے فتح حاصل کرتے ہوئے 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

تیسرا گیم پاکستانی کھلاڑی نے 11-6 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے مقابلے میں علی شاہ بخاری کو حریف کرسٹیان روٹیانن کیخلاف فتح کے لیے 41 منٹ تک جدوجہد کرنا پڑی، پاکستانی کھلاڑی نے پہلے گیم میں 11-4 سے فتح پائی۔ دوسرے میں انھیں کرسٹیان کی جانب سے تھوڑی مزاحمت کا سامنا رہا تاہم 11-9 سے کامیابی سمیٹ لی۔ تیسرے گیم میں علی شاہ بخاری نے 11-8 سے فتح پاتے ہوئے پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا، ٹیم کی2-0 سے فیصلہ کن برتری کی وجہ سے عاصم خان کو میکو ایجنن سے مقابلے کی ضرورت ہی نہ پڑی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز بدھ کوکھیلے جائیں گے جبکہ فیصلہ کن معرکہ جمعرات کو ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔