برطانیہ کا آبنائے ہرمز میں ڈریگن جہاز، لڑاکا طیارے اور جدید ڈرونز بھیجنے کا اعلان

 آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے والے بین الاقوامی مشن کے لیے برطانیہ نے 115 ملین پاؤنڈ کی نئی فنڈنگ مختص کی ہے


ویب ڈیسک May 12, 2026
برطانیہ نے جنگی جہاز، جیٹ طیارے اور جاسوس ڈرونز بھیجنے کا اعلان کردیا

برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم کی جانے والی کثیر القومی فوجی مشن میں جنگی جہاز، طیارے اور جدید ڈرون سسٹمز بھیجنے کا اعلان کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعلان برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے 40 سے زائد ممالک کے وزرائے دفاع کے ورچوئل اجلاس سے افتتاحی خطاب میں کیا۔

ان کے بقول اس مہم کے لیے برطانوی فورس پیکج میں جدید خودکار مائن ہنٹنگ سسٹمز، انسدادِ ڈرون ٹیکنالوجی، ٹائیفونز جنگی طیارے اور رائل نیوی کا جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن شامل ہوگا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے والے بین الاقوامی مشن کے لیے برطانیہ نے 115 ملین پاؤنڈ کی نئی فنڈنگ مختص کی ہے اور برطانیہ اس انٹرنیشنل سیکیورٹی مشن کی فرانس کے ساتھ قیادت کرے گا۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایچ ایم ایس ڈریگن جنگی جہاز مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ ہوچکا ہے اور اسے آبنائے ہرمز میں ممکنہ کارروائیوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے اس طاقتور جنگی جہاز میں جدید Sea Viper دفاعی نظام بھی نصب ہے جو ڈرون اور فضائی خطرات کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

بیان میں ایک بار پھر کہا گیا ہے کہ یہ مشن مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہوگا اور اس کا مقصد دنیا کی اہم ترین تجارتی گزرگاہوں میں سے ایک آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔