کراچی: میوہ شاہ قبرستان کے قریب کلینک پر فائرنگ سے ایک شخص قتل

مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد علی کے نام سے کی گئی،، پولیس


فوٹو: فائل

میوہ شاہ قبرستان حسن اولیا ولیج میں مسلح افراد نے کلینک میں گھس کر فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے  ریکسر میوہ شاہ قبرستان حسن اولیاء ولیج مکہ مسجد کے قریب نجی کلینک میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد علی کے نام سے کی گئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق  مکہ مسجد کے قریب واقع نجی کلینک میں موٹرسائیکل سوار دو افراد آئے اور کلینک میں موجود ناصر نامی شخص سے پہلے ڈاکٹر کا معلوم کیا۔

پولیس کے مطابق  کلینک میں دو خواتین بھی موجود تھیں، موٹرسائیکل سوار افراد کلینک میں موجود محمد علی کو اپنے ہمراہ لے جانے لگے جس پر اس نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اسے گولیاں مار کر قتل کردیا۔

 ملزمان نے محمد علی کو قتل کرنے کے بعد لاش گھسیٹ کر کلینک میں اندر کی جانب پھینک دی، لاش کلینک میں پھینکنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، بظاہر واقعہ ‍‍ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکھٹے کر لئے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے مقتول کو مخبری کی شبہ میں قتل کیا گیا ہے تاہم عینی شاہدین کے بینات بھی قلم بند کر لیے گئے ہیں، واقعے کی تمام پہلووں پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔