اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملتان سکھر موٹروے پر بھونگ انٹرچینج کی تعمیر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں انٹرچینج کی تعمیر کے لیے فنڈز کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔
وفاقی حکومت نے پراجیکٹ کے لیے 264 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیے۔ وزارت مواصلات نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ این ایچ اے کے وکیل نے بھی فنڈز جاری ہونے کی تصدیق کی۔
جسٹس محمد آصف نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار رئیس منیر اپنے وکیل وقار رانا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران رئیس منیر کے وکیل نے کیس التوا میں رکھنے کی استدعا کی۔ وکیل وقار رانا نے مؤقف اپنایا کہ کیس کو التوا میں رکھا جائے، جبکہ وزارت مواصلات نے فنڈز جاری ہونے کے بعد کیس نمٹانے کی استدعا کی۔
عدالت نے کیس التوا میں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔